• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرم سے انکار کام نہ آیا، گیند سے کھیلنے کی سزا، فخر 2 میچز کیلئے کلین بولڈ

کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاکستان سپر لیگ الیون میں بال ٹمپرنگ کا الزام ثابت ہونے کے بعد میچ ریفری روشن مہاناما نے لاہور قلندرز کے عالمی شہرت یافتہ بیٹسمین فخرزمان کو دو میچوں کیلئے معطل کردیا ہے۔پی سی بی میڈیا ریلیز کے مطابق فخر زمان نے جرم سے انکار کیا اور ضابطہ اخلاق کے مطابق مکمل تادیبی سماعت میں الزام کا سامنا کیا۔ سماعت کے دوران لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، ٹیم ڈائریکٹرثمین رانا اور ٹیم منیجر فاروق انور بھی موجود تھے۔ سری لنکا سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی میچ ریفری روشن مہاناما نے دو دن میں دو سماعتوں کے بعد منگل کو انہیں میچ سے قبل ہی کلین بولڈ کردیا۔ البتہ اپیل کا حق دیا گیا ہے۔ اتوار کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کراچی کنگز کے خلاف میچ میں امپائروں نے لاہور قلندرز پر پانچ پنالٹی رنز دے کر گیند تبدیل کی تھی جس کا مطلب یہ تھا کہ بال ٹمپرنگ ہوئی ہے جس کے بعد فخر زمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا کہ فخر زمان نے لیول تھری کے آرٹیکل 2.14 کی خلاف ورزی کی تھی، فخر کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول تھری کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے گئے۔ جس پر ان پر 2 میچوں کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ وہ ملتان سلطان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچز نہیں کھیل سکیں گے۔ پی ایس ایل 11 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز کی اننگز میں گیند کی حالت میں تبدیلی پر لاہور قلندرز کو 5 رنز کی پنالٹی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔   لاہور قلندرز کا اگلا مقابلہ 3 اپریل بروز جمعہ قذافی اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور جمعرات 9 اپریل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔ 

اسپورٹس سے مزید