ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر عامر کریم خاں نے ایم پی اے سلمان نعیم کے ہمراہ نیو شاہ شمس کالونی میں زیرِ تعمیر محمدی گراؤنڈ پارک کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا،دورے کے دوران کمشنر نے تعمیراتی کام کی سست رفتار پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی،انہوں نے ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کو ہدایت کی کہ غفلت کے مرتکب ٹھیکیدار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، کمشنر عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ پارک کی تعمیر میں مزید تاخیر ہرگز قابل قبول نہیں اور ایم ڈی اے کو ہدایت دی کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر کے عوام کے لیے کھولا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ علاقہ کیلئے جدید اور معیاری سہولیات سے آراستہ پارک کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے،انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،کمشنر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا اولین ترجیح ہے تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔