• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی ایٹمی تنصیبات پر حملے، تابکاری صرف تہران نہیں خلیجی دارالحکومتوں میں بھی زندگی ختم کرے گی، ایران، آبنائے ہرمز آج کھولیں ورنہ برباد کردیں گے، ٹرمپ

 واشنگٹن ،کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک ) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کے بوشہر میں ایرانی ایٹمی تنصیبات پر امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے بعدتابکاری کے اثرات سے صرف تہران نہیں خلیجی ممالک کے دارالحکومتوں میں بھی زندگی کا خاتمہ ہوجائے گا،بوشہر، ایران کے دارالحکومت تہران کی نسبت کویت، بحرین اور قطر سے زیادہ قریب واقع ہے،انہوں نے طنز کیاکہ کیا یوکرین کے جوہری پلانٹ کے قریب حملوں پر مغربی ممالک کا غم غصہ یاد ہے؟ اسرائیل اور امریکا اب تک ہمارے بوشہر پلانٹ پر چار بار بمباری کر چکے ہیں،انہوں نے دلیل دی کہ ایرانی پیٹروکیمیکل تنصیبات پر حملے بھی "حقیقی مقاصد" کو بے نقاب کرتے ہیں،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ آبنائے ہرمز آج کھولیں ورنہ برباد کردینگے، تہران کو 10روز کا دیا گیا وقت ختم ہورہاہے، امریکی صدر،جارحیت بڑھائی تو خطہ آپ کیلئےجہنم بنادینگے،ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ امریکی طیاروں کو نئے دفاعی میزائل نظام سے مار گرایا، اب ہمارے آسمانوں پر ہمارا کنٹرول ہوگا ،ایرانی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی افواج کو خطے سے نکال کر دم لینگے، جنگ بندی ہوجائے تب بھی خطے میں امریکی تنصیبات ہمارے نشانے پرہونگے، روس نے کہا ہے کہ بوشہر جوہری پلانٹ پر حملہ شیطانی عمل ہے، ماسکو نے پلانٹ سے اپناعملہ نکال لیا،ایرانی اسپیکر پارلیمنٹ قالیباف کا کہنا ہے کہ جنگ ’’رجیم چینج‘‘ سے ’’کوئی ہمارا پائلٹ ڈھونڈ دے‘‘ کے مقصد تک آگئی ، امریکا میں شہید قاسم سلیمانی کی بھتیجی اور پوتی کو گرفتار کرلیا گیا ہے،خاتم الانبیا فورس کا کہنا ہے کہ عراقی جہازوں کو آبنائے ہرمز میں استثنیٰ ہے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران آج تک کوئی معاہدہ کر لے یا آبنائے ہرمز کھول دے، ورنہ اسے تباہ و برباد کردیں گے،انہوں نےخدا کی تعریف بھی کی اور اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں کہا کہ یاد رکھیں جب میں نے ایران کو 10 دن دیئے تھے کہ معاہدہ کرے یا آبنائے ہرمز کھول دے،اب یہ وقت ختم ہو رہا ہے،ایرانی فوج کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈ کوارٹرز کے ترجمان نے امریکا اور اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ انہوں نے کشیدگی مزید بڑھائی تو انہیں خطے کی سطح پر سخت ردِعمل سے کرنا پڑے گا۔ایرانی ترجمان نے کہا"یہ نہ بھولیں کہ اگر جارحیت بڑھی، تو پورا خطہ آپ کے لئے جہنم بن جائے گا۔ ایران کو شکست دینے کا وہم ایک ایسی دلدل میں بدل چکا ہے جس میں آپ غرق ہو جائیں گے۔"روس نے بوشہر ایٹمی پلانٹ پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے شیطانی عمل قرار دیا ہے، ماسکو نے ایٹمی تنصیبات پر اس طرح کے حملوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے،روس نے بوشہر پلانٹ سے اپنے 198 ملازمین کو نکال لیا ہے ،ایرانی افواج کے جنرل اسٹاف کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شیکرچی نے کہا ہے کہ جنگ میں ایران کی اسٹریٹجی امریکی افواج کو عرب ممالک سے نکالنا ہے، جنگ بندی ہو بھی جائے، ایران امریکی افواج کو خطے سے نکال کر دم لے گا، ایران کی خاتم الانبیاء مشترکہ فوجی کمانڈ کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکی لڑاکا طیاروں کا مقابلہ کرنے کیلئے نیا فضائی دفاعی نظام تعینات کردیا ہے ، ان کے مطابق جمعہ کے روز امریکی لڑاکا طیارے کو مار گرانے کے لئے نیا فضائی دفاعی نظام استعمال کیا ہے،کمانڈ کے ترجمان نے کہا کہ ہماری فضائی حدود پر "یقینی طور پر ہمارا مکمل کنٹرول ہو گا"۔امریکی لڑاکا طیاروںکو مار گرائے جانے سے قبل، ٹرمپ اورامریکی وزیر دفاع نے ایران کی فضائی حدود پر مکمل غلبے کا دعویٰ کیا تھا۔ادھر الجزیرہ نے عراق میں وزارت بجلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے عراق کو گیس کی سپلائی مکمل طورپر بند ہوگئی ہے۔ایران کی خاتم الانبیا فورس کا کہنا ہے کہ عراقی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کیلئے استثنیٰ حاصل ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ وفاقی ایجنٹوں نے امریکا میں شہید ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی بھتیجی اور پوتی کو گرفتار کر لیا ہے۔محکمہ خارجہ کے مطابق، ان دونوں کو جمعہ کے روز امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی جانب سے ان کی مستقل رہائش کی حیثیت ختم کئے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا۔دریں اثناء قاسم سلیمانی کی فیملی نے کہا ہے کہ امریکا میں گرفتار دونوں خواتین کا ان کے خاندان سے کوئی تعلق نہیں۔

اہم خبریں سے مزید