نیویارک (تجزیہ: عظیم ایم میاں) ٹرمپ کی سخت ترین الفاظ میں دھمکی؟ آبنائے ہرمز کھولنے کا مطالبہ، ایرانی ترجمان نے صدر ٹرمپ کے الفاظ کو ایرانی عوام کی توہین قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا، پاکستان، ترکی اور مصر کی ثالثی اور جنگ ختم کرنے کیلئے ڈائیلاگ کی کوششیں اور میعاد بھی ختم ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کو سخت ترین الفاظ میں دھمکی کے ساتھ گالی اور غصے کا اظہار نہ صرف ایران کے بارے میں صدر ٹرمپ کے جذبات اور عزائم کا مظہر ہے بلکہ 36؍ روزسے ایران کےخلاف اسرائیل اور امریکا کی مشترکہ جنگ کےعملی نتائج کے بارے میں صدر ٹرمپ کے عدم اطمینان کا مظہر بھی ہےجبکہ اس بیان کے جواب میں ایرانی ترجمان نے صدر ٹرمپ کے ان الفاظ کو ایرانی عوام کی توہین قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ صدر ٹرمپ اپنے ایک حالیہ بیان میں آبنائے ہرمز کی ایران کی جانب سے بندش کو ثانوی معاملہ قرار دیکر جوں کا توں چھوڑنے اور دنیا کے دیگر ممالک کی جانب سے حل کرنے والا معاملہ قرار دے چکے تھے لیکن اب اس تازہ بیان میں ان کی گالی اور غصہ کے الفاظ کے ساتھ آبنائے ہرمز کو کھولنے کا ایران سے مطالبہ شامل بیان ہے۔