• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ کےخاتمے کیلئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جے ڈی وینس، وٹکوف اور عراقچی سے ساری رات رابطہ رکھا

دبئی /واشنگٹن(نیوزڈیسک )برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران جنگ کے خاتمے کیلئے نئے منصوبے میں پاکستان اہم کردار ادا کر رہا ہے۔پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈمارشل عاصم منیر اتوار کی شب رات بھر ان تجاویز کے معاملے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی‘ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اورنمائندہ خصوصی اسٹیووٹکوف کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے اور جنگ بندی سے متعلق تجاویز پیش کیں ۔امریکی اور برطانوی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا اور ایران کو 45 روز کے لیے جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق تجاویز پر مشتمل مسودہ موصول ہو گیا ہے۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا ہے پاکستانی امن تجویز زیر غور ہے،ٹرمپ نے ابھی منظوری نہیں دی‘پیش کی گئی جنگ بندی کی تجویز ایسے کئی خیالات میں سے ایک ہے، جس پر غور کیا جا رہا ہے۔آپریشن ایپک فیوری جاری ہے۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق دو ذرائع نے اسے بتایا ہے کہ پاکستان، مصر اور ترکی کی جانب سے مختلف تجاویز پر مشتمل یہ مسودہ تیار کیا گیا ہے جو کئی روز سے جنگ بندی کی کوششیں کر رہے ہیں۔برطانوی خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ پاکستان فوج کے فیلڈ مارشل عاصم منیر اتوار کی شب رات بھر ان تجاویز کے معاملے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اورا سٹیو وٹکوف کے ساتھ رابطے میں رہے۔امریکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ مسودہ اتوار کی شب ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اورامریکی صدر کے ایلچی سٹیو وٹکوف کو بھجوایا گیا، تاہم دونوں کی جانب سے تاحال اس پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ان ممالک کو اُمید ہے کہ 45 روزہ جنگ بندی کے دوران بات چیت کے بعد اس جنگ کے مستقل خاتمے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید