کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے کرایوں میں استحکام کیلئے ’’ٹارگٹڈ پبلک ٹرانسپورٹ سبسڈی‘‘ پروگرام کا اعلان کردیا۔ سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے مستحکم رکھنے کے لئے اس پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے۔سینئر وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ سیکٹر شدید دباؤ کا شکار تھا، ’’ٹارگٹڈ فیول ڈیفرینشل سبسڈی‘‘ اس لئے متعارف کروائی گئی تاکہ عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے، اسکیم کے تحت ٹرانسپورٹرز کو ماہانہ مالی معاونت فراہم کی جائے گی، مگرٹرانسپورٹرز کے لئے لازم ہوگا کہ وہ کرایوں میں اضافہ نہ کریں اور حکومتی قوانین کی پابندی یقینی بنائیں، انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ کے لئے بسوں، منی بسوں اور کوچز کو ماہانہ 2 لاکھ 40 ہزار روپے تک، ویگنز کو 2 لاکھ 30 ہزار روپے اور پک اپ کو 60 ہزار روپے تک سبسڈی دی جائے گی، جب کہ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کے لئے بسوں کو روٹ کے حساب سے ماہانہ 12 لاکھ روپے تک سبسڈی فراہم کی جائے گی، ویگنز کے لئے یہ رقم فاصلے کے مطابق ایک لاکھ 80 ہزار سے 7 لاکھ 50 ہزار روپے تک ہوگی۔