اسلام آباد (ساجد چوہدری) حکومت نے پٹرول پمپس پر ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے تحت شہریوں کی ذاتی گاڑیوں کیلئے پٹرول کا کوٹہ مقرر کیا جائے گا،اس سے زیادہ نہیں ملے گا۔ذرائع کے مطابق فیول منیجمنٹ سسٹم کے لیے این آئی ٹی بی اور پی ٹی اے سے منظور شدہ موبائل ہینڈ سیٹس استعمال ہوں گے ، پٹرول کوٹہ کے نفاذ کیلئے پٹرول پمپس پر موبائل فونز کی فراہمی کی تیاری مکمل کر لی گئی ، ذرائع کے مطابق وزارت آئی ٹی نے پٹرول پمپس پر فراہم کرنے کیلئے موبائل فونز کی جانچ مکمل کرلی ہے ، نیشنل آئی ٹی بورڈ نے او ایم سیز کے لیے خریدے جانے والے موبائل فونز کی توثیق کر دی، موبائل فونز پر فیول منیجمنٹ کیلئے تیار کی گئی اپلیکیشن کی ٹیسٹنگ بھی مکمل کرلی گئی۔