• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیرپور میں منکی پاکس سے ہلاکتیں، مرض کا دیگر اضلاع تک پھیلنے کا خدشہ

کراچی (بابر علی اعوان) سندھ کے ضلع خیرپور میں نوزائیدہ بچوں میں منکی پاکس کے کیسز اور اموات کے بعد وائرس کے دیگر اضلاع تک پھیلاؤ کے خدشات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ جس کے پیش نظر محکمہ صحت سندھ نے صوبہ بھر میں ہنگامی اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور خصوصی “منکی پاکس رسپانس یونٹس” قائم کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ یہ حکم نامہ ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ ڈاکٹر وقار محمود میمن نے اتوار کو جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری صحت سندھ کے احکامات کی روشنی میں صوبے بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز فوری طور پر اپنے اداروں میں مخصوص منکی پاکس رسپانس یونٹ قائم کریں۔ ان یونٹس کی واضح نشاندہی کی جائے اور مناسب تشہیری اقدامات کیے جائیں، جن میں بینرز اور معلوماتی مواد شامل ہوں، تاکہ مشتبہ مریضوں کی بروقت شناخت اور رہنمائی ممکن ہو سکے۔ مزید برآں، ہر اسپتال میں 24گھنٹے فعال عوامی معلومات اور سہولت ڈیسک قائم کیا جائے گا جہاں مریضوں اور تیمارداروں کو منکی پاکس کی علامات، رپورٹنگ کے طریقہ کار اور ریفرل کے مراحل کی مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ یہ ڈیسک ہمہ وقت فعال رہے اور کیسز کی فوری رپورٹنگ اور مؤثر انتظام کو یقینی بنائے۔ اعلامیے کے مطابق تمام معلوماتی ڈیسکوں کو ریسکیو 1122کے ساتھ منسلک کیا جائے تاکہ مشتبہ کیسز کی صورت میں فوری رسپانس، محفوظ ریفرل اور ضرورت پڑنے پر مریضوں کی منتقلی یقینی بنائی جا سکے۔

اہم خبریں سے مزید