کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری جعلی قسم کے میجک شو بند کر کے نمائشی اعلانات کے بجائے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کریں۔پیٹرولیم مصنوعات میں لیوی ختم کی جائے، آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے اور ”ٹیک اینڈ پے“ معاہدوں کو ”یوز اینڈ پے“ میں تبدیل کیا جائے تاکہ عوام کو اس بجلی کی قیمت ادا نہ کرنا پڑے جو پیدا ہی نہیں ہوئی۔ وہ ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمن نے جیفکو گراؤنڈ بلاک Lکی تزئین و آرائش و تعمیر نو اور یوسی 8الفلاح میں ضیاء الدین ہسپتال تا کے ڈی اے شاہراہ ہمایوں کا جدید تعمیر کے بعد افتتاح اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو بھی کی،اس موقع پر امیر کراچی منعم ظفر خان، نائب امیر مسلم پرویز، وائس ٹاؤن چیئر مین ضیا جامعی، وائس چیئر مین یوسی 8ذوالفقار علی، حیدری مارکیٹ کے رہنما شاہد اختر،صنعت کار رہنما بابر خان و دیگر بھی موجود تھے جبکہ پریس کانفرنس میں نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق،نائب امیر کراچی مسلم پرویز، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔