• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا پولیس کے شہداء اور غازی ہمارے اصل ہیرو ہیں، آئی جی پی KP

پشاور(جنگ نیوز)سینٹرل پولیس آفس پشاور کے آڈیٹوریم ہال میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی جی پی ذوالفقار حمید نے قائداعظم پولیس میڈلز اور صدارتی پولیس میڈلز حاصل کرنے والے افسران و اہلکاران کے شہداء کے لواحقین اور غازیوں میں اعزازی چیکس تقسیم کئے۔ایڈیشنل آئی جی پیز، ڈی آئی جیز اور میڈلز حاصل کرنے والے افسران و جوانان اور ان کے اہلخانہ نے کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی میں اپنی قیمتی جان خطروں میں ڈال کر جرات و بہادری کا بے مثال مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانان فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی ہر فورم پر بھر پور طریقے سے ۚکیجائیگی۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس کے فرائض مشکل اور خطرناک ضرور ہیں لیکن اسمیں اچھے کام پر اجر بھی اسی حساب سے ملتا ہے اور کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی جرات و بہادری مسلمہ ہے ،پوری دنیا اس کی معترف ہے اور ان کے سربکف جوانوں نے ہر موقع پر ایک نئی داستان رقم کرکے محکمے کی قدر و منزلت میں بے پناہ اضافہ کیا ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ انعامات اور میڈلز کسی کام کا معاوضہ نہیں بلکہ محکمے کی خاطر جرات و بہادری جیسے اچھے کام کی چھوٹی نشانی ہے۔ اور فورس کے دوسرے جوانوں کے لیے قابل تقلید ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ قائداعظم پولیس میڈلز اور صدارتی پولیس میڈلز عظیم شہداء اور غازیوں کی شجاعت کی لازوال قربانیوں اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظہر ہیں۔ جنہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کی خاطر قربانیاں دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ پولیس اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور کہا کہ خیبر پختونخواپولیس کے جوانوں نے مختلف مواقع پر کامیابیوں کی ایسی جھنڈے گاڑھ دیئے ہیں جنکی مثال پورے ملک کی پولیس تاریخ میں نہیں ملے گی اور ان کی یہ قربانیاں اپنے خاندان ، اپنے لیے اور محکمہ کے لیے خوشی کا باعث ہیں۔ جنہوں نے خطرات کی پروہ کئے بغیر اپنی پوری ذمہ داریوں سے بڑھ کر کام کیا ۔ آئی جی پی نے چیکس وصول کرنے والے پولیس شہداء کے خاندانوں اور غازیوں کو تہہ دل سے مبارک باد پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ وہ اسی ایثار، جوش و جذبے اور فرض شناسی کا آئندہ بھی مظاہرہ کرکے پولیس فورس کا نام روشن کریں گے۔ آئی جی پی نے محکمہ خزانہ اور پولیس ویلفیئر و یونٹ کی قائداعظم پولیس میڈلز اور صدارتی پولیس میڈلز کی اعزازی چیکس کے حصول کے لیے دن رات کاوشوں کی بھی تعریف کی۔آئی جی پی نے کہا کہ اعلیٰ اعزازات کی بروقت وصولی کے طریقہ کار کو مزیدتیز اور موثر بنایا جارہا ہے۔تقریب میں پچھلے چند سالوں میں فرائض کی ادائیگی کے دوران مختلف مواقع پر بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے52 پولیس افسران و جوانان میں اعزازی چیکس تقسیم کئے۔ جن میں 11 شہداء کے لواحقین بھی شامل تھے۔
پشاور سے مزید