پشاور (خصوصی نامہ نگار) نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ حیدرآباد میں خیبرپختونخوا کے باکسرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ خیبر پختونخوا کے باکسرز نے دو گولڈ، چار سلور اوچار برونز میڈلز جیتے جبکہ بہترین باکسر کا اعزاز بھی خیبرپختونخوا کے نام رہا۔خیبر پختونخوا باکسنگ ایسوسی ایشن کے مطابق یہ خیبرپختونخوا کی باکسنگ تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے کہ پہلی مرتبہ صوبے کے چھ باکسرز فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، جن میں ایک خاتون باکسر بھی شامل تھیں، شاندار کامیابی خیبرپختونخوا باکسنگ ایسوسی ایشن کی نگرانی اور سرپرستی میں حاصل کی گئی، جس پر خیبرپختونخوا باکسنگ ایسوسی ایشن اور اولمپک ایسوسی ایشن نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا ہے۔ خیبرپختونخوا باکسنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری خضر جان نے کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں کی سخت محنت، لگن اور بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے باکسرز نے نہ صرف صوبے بلکہ پورے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔