• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش، پشاور کے متعدد علاقے زیرآب، نقل مکانی، صوبے میں 47 جاں بحق، 117 زخمی

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا میں حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے مرنے والوں کی تعداد 47 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 117 افراد زخمی ہوئے ہیں۔شدید بارشوں کے باعث بڈھنی نالے اور دریائے باغی سمیت پشاور کے درجنوں نواحی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، نشیبی علاقوں سے سینکڑوں افراد نے نقل مکانی کرلی ہے، صوبہ میں ہونے والی بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے پچھلے 4 روز کے دوران 21 افراد جاں بحق جبکہ 40 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 25 مارچ سے جاری بارشوں کے باعث اب تک مجموعی طور پر 47 افراد جاں بحق اور 117 افراد زخمی ہوئے، مجموعی طور پر جاں بحق افراد میں 27 بچے، 13 مرد اور 7 خواتین جبکہ زخمیوں میں 45 مرد، 21 خواتین اور 51 بچے شامل ہیں، بارشوں کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 652 گھروں کو نقصان پہنچا ہے جن میں 554 گھروں کو جزوی جبکہ 98 گھر مکمل طور پر منہدم ہوئے ہیں۔یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع بنوں, ایبٹ آباد، مردان، باجوڑ، ہنگو، مہمند، کوہاٹ، شمالی وزیرستان، پشاور، خیبر، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم، لکی مروت، شانگلہ، بٹگرام، لوئر کوہستان، مانسہرہ، طورغر، سوات، اپر دیر، چارسدہ، بونیر، مالاکنڈ، لوئر دیر، اورکزئی، جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں پیش آئے ہیں، طوفانی اور متواتر بارشوں کے باعثپشاور کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی سیلاب کی صورتحال احتیار کرنے کے بعد بی آر ٹی سروس بھی جزوی طور پر بند کر دی گئی تھی، بارش کا پانی سیلا بی صورتحال احتیار کرنے کے بعد حساس علاقوں سے نقل مکانی کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے پشاور کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوبنے کے باعث بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہو کر رہ گیا۔
پشاور سے مزید