پشاور (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری بلدیات ظفر الاسلام نے یونیورسٹی روڈ، چارسدہ روڈ، جی ٹی روڈ، سرکلر روڈ، سردار کالونی، جی شاہی کٹھہ، بڈھنی نالہ، سردار کالونی اور شہر کے دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے بارش سے پیدا شدہ صورتحال، نکاسی آپریشن خصوصاً سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس اور ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) یاسر علی خان، محکمہ بلدیات اور ذیلی اداروں کے حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سیکرٹری بلدیات نے نشیبی مقامات اور وہاں جاری نکاسی آپریشن کا معائنہ کیا ، ضروری ہدایات جاری کیں اور کہا کہ بارانی پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائی جائے جن جن مقامات پر پانی جمع ہوتا ہے اس کا مستقل حل نکالا جائے، نکاسی نالیوں سے رکاؤٹوں کو ہٹایا جائے ۔ انہوںنےنکاسی آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا، عملے کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ حکومت عوام کو خدمات اور سہولیات کی فراہمی پر مامور اہلکاروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، عوام کو خدمات اور سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اس میں محکمہ بلدیات اور ذیلی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے جن کے اہلکار عوامی خدمت میں دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ سی ای او یاسر علی خان نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عملہ نکاسی اور کلیئرنس میں دن رات مصروف عمل ہے، مشینری بھی استعمال کی جارہی ہے ہاٹ اسپاٹس پر دن رات عملہ تعینات رہے گا۔