کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ جنگ بند نہ ہوئی تو تیل کی قیمت ڈبل ہوجائے گی اور سپلائی میں بھی تعطل پیدا ہوجائے گا۔ اپوزیشن لیڈر سینیٹ سینیٹر علامہ ناصر عباس نے کہا کہ حکومت آنے والے مہنگائی کے طوفان کا بوجھ اکیلے نہیں اٹھا سکتی عمران خان کو بلاکر بات کریں لوگ ان پر اعتماد کرتے ہیں ۔ جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد دنیا کو آج پھر بڑے بحران کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان حامد میر نےکہا کہ ٹرمپ نے جو آج کہا ہے اگر کردیا تو تیسری عالمی جنگ شروع ہوگی جو دوسری سے زیادہ شدید ہوگی۔ امریکہ کی بہت سی شخصیات جس میں ان کے سینیٹرز بھی شامل ہیں انہوں نے اپنی فوج سے اپیل شروع کر دی ہے کہ ٹرمپ کے احکامات ماننے سے انکار کر دو۔ایران کے اقدامات کی وجہ سے پاکستان کے لئے بھی مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔ تیل کی قیمتوں کو لے کر اپوزیشن سڑکوں پر آنے کی دھمکی دے رہی ہے۔