• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ اور رشوت خوری میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا

کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ اور رشوت خوری میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سرگودھا سرکل نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں حاجی اکبر ولد محمد یونس اور کلیم عباس ولد الطاف حسین شامل ہیں جنہیں مختلف مقدمات میں حراست میں لیا گیا۔حکام کے مطابق ملزم حاجی اکبر نے شہری کو بیرون ملک رومانیہ ملازمت کے لیے بھجوانے کا جھانسہ دے کر مبلغ 10,20,000 روپے وصول کیے تاہم نہ تو متاثرہ شخص کو بیرون ملک بھجوایا اور نہ ہی رقم واپس کی۔ملزم کلیم عباس نے مختلف شہریوں سے ان کے بیٹوں کو ملازمت کے ویزے پر پرتگال بھجوانے کے نام پر بالترتیب 40,00,000 روپے اور 35,00,000 روپے وصول کیے۔ ملزم وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہا اور رقم بھی واپس نہ کی۔ ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ممکنہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے محکمہ ای او بی آئی کے ملازم کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم کی شناخت شیر احمد خان کے نام سے ہوئی ہے۔ملزم محکمہ EOBI میں ایگزیکٹیو آفیسر تعینات تھا۔ملزم ای او بی آئی گارڈن ٹاؤن لاہور میں ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا۔ملزم نے شہری سے جائز سرکاری کام کی مد میں رشوت وصول کی۔ملزم کو شکایت کنندہ سے ایک لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید