اسلام آباد (محمد صالح ظافر) بنگلہ دیشی وزیر خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمن بھارت کے دو روزہ سرکاری دورے پر منگل کو دہلی پہنچ گئے۔ وہ سہ پہر کو نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے، جہاں بھارتی وزارت خارجہ (MEA) کے حکام اور بھارت میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ریاض حمید اللہ نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران انکی بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر (NSA) اجیت ڈوول، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے استقبال میں وہ گرمجوشی مفقود تھی کیونکہ بنگلہ دیش نے اپنی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کر رکھا ہے جو کہ ایک مفرور ہیں اور نئی دہلی نے انہیں پناہ دے رکھی ہے، جنہیں ایک بین الاقوامی ٹریبونل نے بنگلہ دیش کی وزیراعظم کے طور پر معصوم طالب علم مظاہرین کے قتل پر سزائے موت سنائی تھی۔رپورٹ کے مطابق یہ دورہ پورٹ لوئس، ماریشس میں بحر ہند کانفرنس میں ان کی شرکت سے قبل ہو رہا ہے۔ ان کے ہمراہ وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ ہمایوں کبیر بھی ہیں۔