کراچی ( جنگ نیوز ) اس وقت پوری دنیا کی نظریں پاکستان میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر لگی ہوئی ہیں لیکن بھارتی میڈیا دنیا خطے کو جنگ سے بچانے کی کوششوں کے لیے پاکستانی اقدامات کی تعریف کرنے کے بجائے اب بھی پروپیگنڈے میں مصروف ہے جس میں اسے شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بھارتی میڈیا حواس باختہ نظرآرہا ہے اوربھارت کی انتہا پسند حکومتی پالیسی سے متاثر میڈیا بین الاقوامی امور کے ماہرین کو مدعو کر کے ان سے پاکستان کے خلاف زہر اگلوانے کی بھرپور کوششوں میں مصروف عمل ہے تاکہ ان بیانات کو سوشل میڈیا پر شیئر کر کے پاکستان کو نیچا دکھایا جا سکے لیکن بھارتی میڈیا کو اس میدان میں بھی بدترین شرمندگی کا سامنا ہے۔بھارتی چینلز پر بین الاقوامی امور ماہرین اور سفارتکاروں کے ہاتھوں بھارتی اینکرز کی براہ راست بے عزتی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں۔بھارت کے متنازع ترین اینکر پرسن ارناب گوسوامی نے اپنے پروگرام میں چین سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی امور کے ماہر وکٹر گاؤ کو مخاطب کرتے ہوئے سوال پوچھا آپ کیا سمجھتے ہیں کہ ایک پوری تہذیب کو تباہ کرنے سے لیکر یکطرفہ جنگ بندی کے درمیان کیا کچھ ہوا؟وکٹر گاؤ نے اپنے جواب کا آغاز پاکستان کی تعریف سے کرتے ہوئے کہا سب سے پہلے تو آپ کو پاکستان کو اس بات کا کریڈٹ دینا چاہیے کہ اس نے ان مذاکرات کے لیے راہ ہموار کی ماحول فراہم کیا۔