کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا ایران کے منجمد اثاثے بحال کرنے پر رضامند؟ متضاد دعوے، ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا واشنگٹن اثاثے جاری کرنے پر تیار ہے، امریکی حکام نے فوری تردید کر دی۔6ارب ڈالر قطر اور دیگر بینکوں میں رکھے گئے تھے، معاملہ اسلام آباد مذاکرات سے منسلک بتایا جا رہا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک ایرانی ذریعے نے بتایاکہ امریکا نے ایران کے منجمد اثاثے بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، تاہم امریکی حکام نے اس دعوے کی فوری تردید کرتے ہوئے اسے غلط قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق معاملہ تقریباً 6 ارب ڈالر کے ان فنڈز سے متعلق ہے جو ایران کے قطر اور دیگر ممالک کے بینکوں میں منجمد ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت اسلام آباد میں ہونے والے امریکہ ایران مذاکرات سے جڑی ہوئی ہے اور اسے سفارتی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا تھا، تاہم امریکی موقف اس کے برعکس ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ رقوم 2018 میں امریکی پابندیوں کے بعد منجمد کی گئی تھیں اور بعد میں قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے دوران جزوی طور پر استعمال کی شرائط بھی طے ہوئی تھیں، لیکن امریکہ کا کہنا ہے کہ یہ فنڈز ابھی تک سخت کنٹرول میں ہیں اور مکمل ریلیز کی کوئی منظوری نہیں دی گئی۔ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق ایران نے مذاکرات میں شرکت کے لیے دو بنیادی شرائط عائد کیں، جن میں منجمد اثاثوں کی بحالی شامل ہے۔