واشنگٹن (جنگ نیوز) امریکا اور ایران کے درمیان چھ ہفتوں سے جاری جنگ، جس نے توانائی کی منڈیوں کو ہلا کر رکھ دیا اور عالمی معیشت کے بارے میں خدشات بڑھا دیے، اب جنگ بندی کے نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ اس کے باوجود امریکی شہری اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ اس جنگ کے ان کی روزمرہ زندگی پر کیا اثرات پڑ رہے ہیں۔ امریکی معاشرہ معاشی دبائو اور غیریقینی کے خدشات سے گزررہا ہے جو عوام سے کیے جانے والے انٹرویوز میں نمایاں ہوئے ہیں، مہنگائی، پٹرول کی قیمتیں، اور طویل جنگ کے خدشات عوامی گفتگو کا مرکزی موضوع بن چکے ہیں۔اگرچہ کچھ لوگ اس جنگ کو ضروری سمجھتے ہیں، جبکہ زیادہ تر اسے غیر ضروری اور نقصان دہ قرار دیتے ہیں۔کولوراڈو کے ایک 65 سالہ سابق میرین کے مطابق، امریکی اور اسرائیلی حملوں نے بالآخر اس خطرے کا جواب دیا ہے جسے وہ سمجھتے ہیں کہ واشنگٹن نے دہائیوں تک نظر انداز کیا۔ جبکہ کیلیفورنیا میں ایک ریٹائرڈ تاجر نے اس جنگ کو بے مقصد اور ذاتی انا پر مبنی قرار دیا۔دیگر مقامات پر مہنگائی سب سے بڑا مسئلہ بن کر سامنے آئی۔ انڈیانا میں ایک کیٹرنگ کاروبار کرنے والی خاتون بڑھتی ہوئی پٹرول قیمتوں کے باعث آمدن پوری کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔