• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کو عالمی بینکوں سے ملنے والے فنڈز کا آڈٹ کیا جائے، ایم کیو ایم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو عالمی بینکوں سے ملنے والے فنڈز کا آڈٹ کیا جائے اور عوام کو بتایا جائے کہ ان اداروں سے لی گئی رقم کا کتنا حصہ واقعی زمین پر لگا اور کتنا کمیشن مافیا کی نذر ہو گیا ، عوام اب باشعور ہو چکے ہیں اور وہ صرف رنگ و روغن اور تختیوں سے مطمئن نہیں ہوں گے انہیں معیاری اور پائیدار انفراسٹرکچر چاہیئے۔انہوں نےمرکزی شاہراؤں کی ٹوٹ پھوٹ اور سندھ حکومت کی نمائشی سیاست پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر عالمی اداروں کے فنڈز سے بننے والے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا کر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہی ہے، کراچی کی سڑکیں اور انفراسٹرکچر سندھ حکومت کے اپنے بجٹ سے نہیں بلکہ بین الاقوامی اداروں سے لئے گئے قرضوں اور گرانٹس کے مرہونِ منت ہے، قرض کی پیالی اور اپنی واہ واہ کے مصداق سندھ میں یہ نظام چل رہا ہے، ملک کو پالنے والے شہر کے ساتھ یہ کتنی ستم ظریفی ہے کہ کام عالمی بینک اور ایشین بینک کے پیسوں سے ہو رہا ہے جس کا بوجھ بھی بالآخر اسی عوام نے مزید ٹیکس کی صورت میں اتارنا ہے لیکن سندھ حکومت کے وزراء اس پر اپنے نام کی تختیاں لگا کر ایسے پیش کر رہے ہیں جیسے یہ ان کا ذاتی کارنامہ ہو,کراچی سے جمع ہونے والے اربوں روپے کے ٹیکس اور سندھ حکومت کا اپنا سالانہ ترقیاتی بجٹ کہاں غائب ہو جاتا ہے؟
اہم خبریں سے مزید