کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق سفیر عمران علی اور صحافی و تجزیہ کاروں ڈاکٹر راشد نقوی، فیض الرحمن اور اعزاز سید نے کہا ہے کہ امریکہ کیلئے ایشو نیوکلیئر نہیں آبنائے ہرمز ہے۔ اگر فرسٹ اسرائیل کو ترجیح دی گئی تو مذاکرات ناکام ہوں گے۔ ایڈمنسٹریشن اور پوری قوم کے لئے توقعات سے زیادہ بات اب اشد ضرورت تک آگئی ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ“ میں سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان سلیم صافی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کی جنگ بندی کرانے کی سعادت اللہ نے پاکستان کو نصیب کی ہے۔ اس وقت دونوں کے مذاکرات ہو رہے ہیں۔ سابق سفیر عمران علی نے کہا کہ ٹیکنیکل لوگ موجود ہیں لیکن ٹیکنیکل صلح اتنی جلدی نہیں ہوسکتی ۔مجھے یقین تھا کہ سیز فائر کے مذاکرات پاکستان میں ہی ہوں گے البتہ آخری دو دن میں کچھ شکوک پیدا ہوئے تھے چونکہ ایران مستقل امن کی بات کر رہے تھے۔ اومان اور ترکیہ بھی ایک وینیو ہوسکتا تھا لیکن پاکستان کو اعتماد کی بنیاد پر منتخب کیا گیا اور شخصیات کا ٹرسٹ بہت ضروری ہے۔ گلف ممالک کا ٹرسٹ اتنے نیچے نہیں گیا کہ پاکستان پر اعتماد نہ کرتے۔