اسلام آباد(کامرس رپور ٹر )وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ کریڈٹ ریٹنگ کی بین الاقوامی ایجنسی فچ ریٹنگز کی جانب سے پاکستان کی خود مختار کریڈٹ ریٹنگ بی منفی پر برقرار رکھتے ہوئے مستقبل کے منظرنامہ کومستحکم قراردینے سے ملکی معیشت کے بنیادی اشاریوں کی بہتری اور پالیسیوں کے تسلسل کی عکاسی ہورہی ہے، ریٹنگ عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کیلئے ایک مثبت اشارہ ہے، انہوں نے کہا کہ فچ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مالیاتی نظم و ضبط اور مجموعی معاشی استحکام میں نمایاں بہتری آئی،ادارہ نے اس بات کو بھی سراہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا جاری پروگرام معاشی اصلاحات کو مضبوط بنیاد فراہم کر رہا ہے اور اس کے تسلسل سے پالیسیوں میں استحکام پیدا ہو رہا ہے۔