• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنگو، انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس وین پر فائرنگ، ایک اہلکار شہید، 4 زخمی

ہنگو ،شانگلہ،پشاور(نمائندہ گان نگ ،اے پی پی) ہنگو میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس ٹیم پر فائرنگ کے نتیجہ میں ایک پولیس اہلکار شہید اور چار زخمی ہو گئے ۔علاقہ چھپری وزیران میں انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت کیلئے تعینات پولیس وین پر فائرنگ کے نتیجے میں5اہلکار زخمی ہوئے،اس افسوس ناک واقعے پر شانگلہ سمیت مختلف علاقوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ۔ مختلف سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے دورا ن ڈیوٹی شہید ہونے والے پولیس اہلکار اسرار الحق کی دہشتگردی کے واقعے میں شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ایس ڈی پی او مجاہد حسین کے مطابق ہنگو کے علاقے چھپری وزیران میں انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت کیلئے تعینات پولیس وین پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔ مجاہد حسین نے بتایا کہ زخمی اہلکار ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔ دریں اثناء گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر کو ضلع ہنگو میں انسداد پولیو مہم کے لیے تعینات پولیس گاڑی پر دہشتگردوں کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ میں پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔گورنر ہاؤس پشاورکے تر جمان کے مطابق گورنرخیبر پختونخوا نے شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید