کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج،امریکا ایران مذاکرات میں ڈیل نہ ہونے اور امریکن صدر ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے بیان سے سرمایہ کاروں میں مایوسی اور بے یقینی بڑھ گئی، ایک بار پھر بڑے پیمانے پر سرمائے کے انخلاء سے مارکیٹ میں مندی کا رحجان، کے ایس ای100انڈیکس میں3.95فیصد کی شرح سے6600پوائنٹس کی کمی،بیک وقت7نفسیاتی حدوں کی کمی، 78.05فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی، 670ارب 70کروڑ 87لاکھ روپے مارکیٹ سے نکل گئے،کاروباری حجم بھی 15.11فیصد کم رہا،تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی ناکامی اور امریکن صدر ٹرمپ کے بیانات سے ایک مرتبہ پھر بے چینی اور مایوسی نظر آئی،نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز ٹریڈنگ کا آغاز مایوس کن مندی سے ہوا جس کے بعد سرمائے کے انخلاء کی وجہ سے تمام اہم سیکٹرز میں فروخت کا شدید دباؤ دیکھنے میں آیا اور دن بھر مارکیٹ میں شدید مندی کے گہرے بادل چھائے رہے ،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس3.95 فیصد کی شرح سے 6600.05پوائنٹس کی کمی سے 167191.38 پوائنٹس سے کم ہو کر 160591.33 پوائنٹس پر آکر بند ہوا۔