• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

21لاکھ خاندانوں کو گھر فراہم کئے جا رہے ہیں، شرجیل میمن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے ذریعے اہم ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے جس کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر ہاؤسنگ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت21لاکھ خاندانوں کو گھر فراہم کئے جا رہے ہیں ۔ پاکستان کے بیانیے کی مؤثر تشہیر کے لئے وفاق، سندھ اور پنجاب مل کر کام کر رہے ہیں، اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ایک بڑے ایونٹ کے ذریعے پاکستان اور اس کے گرین پاسپورٹ کی اہمیت پوری دنیا پر واضح ہوئی ہے۔ انہوں نے صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی عالمی سفارتی سطح پر پاکستان کی برتری اور بھارت کی ناکامی کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ بھارت اس صورتحال پر شدید ردِعمل کا شکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد اسلامی ایٹمی طاقت ہے اور “معرکۂ حق” کے ذریعے بھی ملک کو کامیابی حاصل ہوئی ہے، جس کے باعث بھارتی میڈیا پریشانی میں مبتلا ہے،پیر کو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ اس بات کی عکاس ہے کہ وہ ہمیشہ عوام کے بہتر مستقبل کے لئے کام کرتی آئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید