اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پاکستان میں وِسل بلور پروٹیکشن کی اہم قانون سازی میں مسلسل تاخیر، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا تحفظات کا اظہار؛ آئی ایم ایف، یو این سی اے سی وعدوں کی خلاف ورزی کا انتباہ۔ تفصیلات کے مطابق انسداد بدعنوانی کے ایک معروف ادارے (واچ ڈاگ) نے پاکستان میں وِسل بلور پروٹیکشن (مخبروں کے تحفظ) کی اہم قانون سازی میں مسلسل تاخیر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اس رکاوٹ سے بین الاقوامی وعدوں اور ملکی گورننس کی اصلاحات، دونوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے وزیر اعظم کو بھیجے گئے ایک تفصیلی مراسلے میں اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ ʼوسل بلور پروٹیکشن اینڈ ویجیلنس کمیشن بل 2025ʼ گزشتہ تقریباً ایک سال سے پاکستان کی قومی اسمبلی میں زیر التوا ہے۔ ادارے نے افسوس کا اظہار کیا کہ قانون سازی کے عمل کے اہم مراحل طے کرنے کے باوجود اس بل کو تاحال حتمی منظوری نہیں مل سکی۔ واچ ڈاگ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اس بل کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی تھی اور بعد ازاں مئی 2025 میں فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے اسے متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔