• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی کی بیٹی مبینہ گولی لگنے سے جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال میں مبینہ طور پر اندھی گولی لگنے سے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی کی جواں سال بیٹی جاں بحق ہو گئی، تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بلاک 7بنگلہ نمبر E/57میں اتوار کوگولی لگنے سے 20سالہ ماہنور دختر اقبال محسود جاں بحق ہوگئی ،واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر مقتولہ کو اسپتال منتقل کیا،ایس ایچ او تھانہ گلشن اقبال محمد سعود نے بتایا ہے کہ متوفیہ ماہنور ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی اقبال محسود کی صاحبزادی تھیں،اتوار کو وہ اپنے گھر کی چھت پر تھیں کہ اندھی گولی ان کے سر پر لگی جس سے انکی موت واقع ہوگئی ،ایس ایچ او کاکہنا ہے کہ پولیس کو گولی کا سکہ نہیں ملا ہے ،متوفیہ بقائی میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیکل کی طالبہ تھیں،پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی، دریں اثنا ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی اقبال خان محسود کی جواں سال صاحب زادی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، ان کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء مدینہ مسجد، جامعہ مدنیہ اسلامیہ گلشن بلاک 7 میں ادا کی گئی جس میں ایم کیو ایم کے مرکزی رہنماؤں،منتخب نمائندوں اور کار کنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،مرحومہ میڈیکل کالج کے دوسرے سال کی طالبہ اور اپنے بھائی بہنوں میں سب سے بڑی تھیں، مرکزی کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت اور اہل خانہ کو صبرجمیل عطاء فرمائے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید