کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے مبینہ طور پر100سے زائد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث باپ اوربیٹے کی سربراہی میں چلنے والا 8 رکنی گروہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چھینے گئے متعدد موبائل فونز، گھڑیاں، شہریوں کے چھینے گئے شناختی کارڈز، بیگز، واردات میں استعمال ہونے والے 6پستول اور موٹر سائیکلز برآمد کرلیں،ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹرمحمد عمران خان نے اپنے دفترمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں منصور احمد ولد مرزا محمد شریف اس کا بیٹا فہد ولد منصور احمد، محمد عبید ولد فیصل، مزمل ولد جاوید علی، محمد عرفان ولد گلزار احمد، نعمان ولد نور اسلام، عمران علی ولد ریاست علی اور محمد زبیر ولد عبدالشکور شامل ہیں، پولیس کاروائی تھانہ تیموریہ کی حدود میں کی گئی جہاں ملزمان ایک کرائے کے مکان میں رہائش پزیر تھے، دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا گینگ گزشتہ4سے 6ماہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم، موبائل فون چھیننے، نقد رقم لوٹنے کی 100سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے، ملزمان خصوصی طور پر رات 1 سے 3بجے کے دوران مختلف علاقوں میں واردات کرتے تھے۔