کراچی(سید محمد عسکری) برطانیہ میں امتحانات کے نگراں ادارے Ofqual نے A اور AS لیول طبیعات (فزکس) کے امتحانی پرچوں میں سنگین غلطیوں پر کیمبرج OCR پر 2لاکھ 70ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق A لیول طبیعات کے اپریل سے اکتوبر 2025کے دوران سوالیہ پرچوں اور نمبر دینے کے طریقہ کار میں مجموعی طور پر 12بڑی خامیاں سامنے آئیں، جن کے باعث 14ہزار سے زائد طلبہ متاثر ہوئے اور بعض کو غلط نتائج بھی ملے۔ Ofqual کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فار ڈلیوری امنڈا سوان کا کہنا ہے کہ متعلقہ بورڈ امتحانی مواد کے معیار کو یقینی بنانے میں ناکام رہا، جو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ جہاں بھی معیار پر سمجھوتہ ہوگا، وہاں سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ طلبہ کے مفادات اور نتائج پر عوام کا اعتماد برقرار رکھا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق اس قسم کی غلطیاں محض انتظامی نہیں بلکہ تعلیمی نظام کے بنیادی اعتماد کو متاثر کرتی ہیں۔ غلط سوالات یا نمبر دینے کے طریقہ کار کی خامیاں طلبہ کے مستقبل پر براہِ راست اثر ڈالتی ہیں، خصوصاً ایسے نظام میں جہاں ایک نتیجہ اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ زندگی کا رخ متعین کرتا ہے۔ یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی بھی کرتا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں بھی امتحانی اداروں سے کوتاہیاں ہو سکتی ہیں، تاہم وہاں مضبوط نگرانی کا نظام فوری کارروائی کرتا ہے، جرمانے عائد کیے جاتے ہیں اور اداروں کو جوابدہ بنایا جاتا ہے۔ اگر دیگر عالمی امتحانی اداروں سے تقابل کیا جائے تو عمومی طور پر ان میں کثیر سطحی جانچ کا نظام، سوالات کی پیشگی پڑتال اور سخت تصدیقی مراحل موجود ہوتے ہیں۔ اس واقعے نے واضح کر دیا ہے کہ کسی بھی بورڈ کے لیے معیار کو یقینی بنانے کا عمل مسلسل اور مزید مضبوط ہونا ضروری ہے۔ پاکستان میں کیمبرج انٹرنیشنل امتحانات کی ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف کا کہنا ہے یہ اس معاملے کا تعلق صرف برطانیہ کے اسکولوں سے ہے۔ کیمبرج OCR بورڈ بنیادی طور پر برطانیہ کے اسکولوں کے لیے امتحانات فراہم کرتا ہے اور پاکستان میں کوئی امتحان نہیں لیتا جب کہ کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن ایک الگ بورڈ ہے اور اس کے امتحانات پاکستان سمیت دنیا بھر کے طلبا کے لیے ہوتے ہیں، اس لیے اس معاملہ کا پاکستان کے طبعیات کے A اور As امتحانی پرچوں سے کوئ تعلق نہیں۔