کراچی (سید محمد عسکری) ڈائریکٹوریٹ آف کالج ایجوکیشن کراچی ریجن نے جامعہ ملیہ گورنمنٹ ڈگری کالج ملیر کے کھیل کے میدان پر لینڈ مافیا کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے معاملے کی تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ڈائریکٹر کالجز کراچی گلاب رائے کے دفتری حکم نامے کے مطابق کالج کے پرنسپل کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ مبینہ لینڈ گریبرز نے کالج کے گراؤنڈ پر غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں۔ اس شکایت کی روشنی میں معاملے کی مکمل چھان بین کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ کمیٹی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر (انسپیکشن) پروفیسر کامران اکرم شیخ، گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس نمبر 2 کے پرنسپل پروفیسر منصور علی شاہانی، ڈپٹی ڈائریکٹر (فنانس/لیگل) پروفیسر فخرا مبارک اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر (انسپیکشن) عارف نجمی شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موقع کا دورہ کرے، مبینہ غیر قانونی تعمیرات کی تصدیق کرے، متعلقہ دستاویزات، عدالتی احکامات اور دستیاب شواہد کا جائزہ لے، ضرورت پڑنے پر متعلقہ فریقین کے بیانات قلمبند کرے اور کالج کی اراضی پر کسی بھی قسم کی تجاوزات کا تعین کرے۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ کمیٹی تین روز کے اندر اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔