اسلام آباد، تہران ( رانا غلام قادر، اے ایف پی)ایرانی وزارت خارجہ کےترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ جنگ بندی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، ایران کے قومی مفادات اور سلامتی کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کر رہے ہیں، دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے ضمن میں اہم پیش رفت ہوئی ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال اور امن کوششوںمیں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا، علاوہ ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحق ڈار نے ترکیہ اور کرغزستان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں خطے میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، رہنماؤں نے خطے میں استحکام کیلئے کثیرالجہتی سفارتکاری اور رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اسحق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، اسحق ڈار نے تنازعات کے پرامن حل کیلئے سفارت کاری پر زور دیا جبکہ جین میری نے مذاکرات میں سہولت کاری پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نےبدھ کے روز ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ایکس ‘‘ پر جاری بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی صورتحال اور امن کوششوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار ٗوزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ٗ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور جوائنٹ سیکرٹری سلمان شریف بھی موجود تھے۔ ملاقات میں علاقائی امن و استحکام کیلئے دونوں ملکوں نےتعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ علاوہ ازیں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار سے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحق ڈار نے روابط کے فروغ کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے تنازعات کے پرامن حل کیلئے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان کے سہولت کار کردار کو سراہا اور اسکی حمایت کا اعادہ کیا۔