• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان کی دھواں دھار سنچری، کنگزمین نے بازی پلٹ دی، اسمتھ کی سنچری کام نہ آئی

کراچی (عبدالماجد بھٹی) عثمان خان کی تیز رفتار اننگز نے حیدرآباد کنگز کی ہار کو جیت میں بدل دیا۔ پاکستان سپر لیگ میں کنگز مین نے چوتھی مسلسل کامیابی حاصل کرکے ٹاپ فور میں جگہ بناکر پلے آف کی امید مزید روشن کرلی ۔ ملتان سلطانز کے اسٹیو اسمتھ کی سنچری رائیگاں گئی۔ حیدرآباد نے سلطانز کو دلچسپ مقابلے کے بعد تین گیندیں پہلے چار وکٹ سے ہرادیا۔ حسان خان نے8گیندوں پر24 اور عرفان خان نے8رنز بنائے۔ اسماعیل کی گیند پر عثمان خان صفر پر کاٹ بی ہائینڈ تھے لیکن کسی نے اپیل نہیں کی ، اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے میچ کا نتیجہ بدل دیا۔ کپتان مارنس لیبو شین نے41گیندوں پر61رنز بنائے۔ عثمان کے ساتھ چوتھے وکٹ پر123رنز64 گیندوں پر بنے۔ عثمان خان نے چوتھی پی ایس ایل سنچری 44گیندوں پر بنائی۔ وہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے۔ بڑے اسکور کے تعاقب میں معاذ صداقت سات ،صائم ایوب پانچ اور کوشل پریرا صفر پر آوٹ ہوئے۔ پیٹر سڈل نے گلین میسویل کو آوٹ کرکے مشکلات میں اضافہ کردیا۔ ڈینجر مین عثمان خان101 رنز بناکر سڈل کا شکار بنے انہوں نے دس چھکے اور پانچ چوکے مارے۔ قبل ازیں  سلطانز نے 7 وکٹوں پر 213 رنز اسکور کیے۔ اسٹیون اسمتھ 50گیندوں پر6چھکوں اور 12چوکوں کی مدد سے 106رنز کے ساتھ نمایاں رہے انہوں نے حنین شاہ کے ایک اوور میں28رنز بنائے ۔ صاحبزادہ فرحان66رنز43گیندوں پر پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ دونوں نے پہلی وکٹ پر132رنزبنائے، جوش فلیپی 19، کپتان ایشٹن ٹرنر 5، عرفات منہاس 2، شان مسعود 1 اور محمد نواز 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ عاکف جاوید نے30رنز دے کر 3 شکار کیے۔ حنین شاہ نے چار اوورز میں58 رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔

اسپورٹس سے مزید