• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی رضا کی ہیٹ ٹرک، زلمی نے کنگز کا غرور خاک میں ملا دیا

کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان سپر لیگ گیارہ میں پشاور زلمی  کا بلندیوں کی جانب سفر جاری ہے۔ اور9 میں سے8 میچ جیت کر ناقابل شکست ہے ،زلمی نے 7وکٹ کی فتح سے کنگز کا غرور خاک میں ملادیا، مسلسل پانچ میچ ہارنے کے بعد کراچی کا پلے آف تک پہنچنا مشکل ترین ہوگیا ہے۔ آخری دو میچوں میں اس کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ نوجوان پیسر علی رضا نے ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک کی۔ ایونٹ کے ٹاپ اسکورر کوشل مینڈس نے 80 رنز43 گیندوں پر چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے، نوجوان فرحان یوسف نے 58 رنز 36 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کی ریکارڈ شراکت میں119رنز جوڑے ۔ بدھ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں پر 182 رنز بنائے۔ جیسن روئے نے 51 گیندوں پر 85 رنز  کی  شاندار اننگز کھیلی۔ اعظم خان 35 ، ریزا ہینڈرکس 13، سلمان علی آغا اور خوشدل شاہ 12، 12 جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 11 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کے علی رضا نے 41 رنز دے کر چار ، محمد باسط، افتخار احمد، ایروان ہارڈی اور صفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ لی۔ ہدف کے تعاقب میں اوپنرز بابر اعظم 25 اور سیزن میں پہلا میچ کھیلنے والے جیمز وینس 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسپورٹس سے مزید