• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو یونیورسٹی عبدالحق کیمپس کے عہدیداران کا بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر حلف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انجمنِ اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی (عبدالحق کیمپس) کے نو منتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری منعقد ہوئی جس میں صدر روشن علی سومرو، نائب صدر ڈاکٹر اصغر دشتی، جنرل سیکرٹری سید اقبال حسین نقوی، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر عرفان عزیز اور فنانس سیکرٹری خرم شاہ نواز نے رکن قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم کی رکن مہتاب اکبر راشدی سے اپنے عہدوں کے لئے حلف لیا۔ اس موقع پر جامعہ کی ابترصورتحال کے پیشِ نظر تمام نومنتخب عہدیداران نے بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر حلف اٹھایا اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہتاب اکبر راشدی نے اساتذہ کے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اردو یونیورسٹی کے بحران کو قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی میں بھرپور طریقے سے اٹھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے جائز مطالبات حل کیے بغیر تعلیمی معیار برقرار رکھنا ممکن نہیں۔ انجمن اساتذہ کے جنرل سیکرٹریسید اقبال حسین نقوی نے جامعہ کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ اساتذہ و عمال دو ماہ کی تنخواہوں، 19تا 25 ماہ کی ہاؤس سیلنگ اور میڈیکل سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے 12 اپریل 2026 کو جاری ہونے والے اساتذہ کی بھرتی کے اشتہار کو "جانبدارانہ اور متنازعہ" قرار دیتے ہوئے فی الفور منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی منظوری کے بغیر 2022کے اشتہار کی منسوخی اور نئے اشتہار میں پروفیسر کی اسامیوں کو نظر انداز کرنا سینیئر اساتذہ کی حق تلفی اور میرٹ کا قتل ہے۔ انہوں نےمطالبہ کیا کہ یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کو فوری طور پر مکمل کیا جائے اور اس میں اساتذہ نمائندے شامل کئے جائیں۔ صدر انجمن روشن علی سومرو نے وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر کی عدم دلچسپی اور دفاتر سے مسلسل غیر حاضری کی وجہ سے یونیورسٹی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی کو ٹائم نہیں دیتے جس کی وجہ سے یونیورسٹی کے بحران میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید