کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود ڈاکٹر ارم بخاری اور دیگر کو ترقی نہ دینے پر سیکریٹری صحت اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال و دیگر کو عمل درآمد کے لئے ایک ماہ کی مہلت دیدی۔ ہائی کورٹ میں جے پی ایم سی کی ڈاکٹر ارم بخاری اور دیگر کو ترقی نا دیئے سے متعلق سیکریٹری صحت اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے توہین عدالت کے نامزد فریقین کی عدم حاضری پر اظہار برہمی کیا اور ریمارکس دیئے کہ گذشتہ سماعت پر بھی فریقین کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا لیکن فریقین نہ حاضر ہوئے اور نہ ہی جواب جمع کروایا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ دسمبر 2025میں صوبائی الیکشن بورڈ نے ڈاکٹر سلیمان کو گریڈ 20میں ترقی دی تھی۔ سلیکشن بورڈ عدالتی احکامات کے مطابق درخواست گزاروں کو زیر غور نہیں لایا مقررہ مدت گذرنے کے باوجود عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔