• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو یونیورسٹی نے ڈاکٹر ماہ جبین کو بطور پروفیسر بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی نے سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں فیکلٹی آف فارمیسی کی استاد ڈاکٹر ماہ جبین کا پروفیسر کے طور پر 19 اگست 2025سے بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، تاہم ان کی تنخواہ کے تحفظ کے ساتھ ادائیگی جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار آفس سے جاری نوٹیفکیش کے مطابق یہ اقدام سندھ ہائی کورٹ کراچی کے 19اگست 2025اور 16 اپریل 2026کے احکامات کی تعمیل میں اٹھایا گیا ہے، جو آئینی درخواستوں سے متعلق تھے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگرچہ ڈاکٹر ماہ جبین کی بطور پروفیسر تقرری تاحال سینیٹ سے باضابطہ طور پر منظور نہیں ہوئی، تاہم عدالت کے حکم کے تحت ان کا اسٹیٹس بحال کیا جا رہا ہے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ تنخواہ کے معاملے میں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ چونکہ سینیٹ نے ابھی تک ان کی بطور پروفیسر تقرری کی منظوری نہیں دی، اس لیے اس عہدے کے مطابق تنخواہ کا تعین زیر غور نہیں۔ تاہم عدالت کی جانب سے دیے گئے اسٹیٹس کو کے تحت ان کی موجودہ تنخواہ بغیر کسی کمی بیشی کے اسی طرح جاری رہے گی جیسا کہ پہلے ادا کی جا رہی تھی، اور اس دوران کسی قسم کی سابقہ ادائیگیوں میں ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔

ملک بھر سے سے مزید