کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق سفیر برائے امریکہ حسین حقانی نے کہا ہے کہ جنگ میں اصل سوال یہ ہے کون کتنی جلدی تھکتا ہے، تعطل ضرور ہے لیکن مذاکرات کا دروازہ بند نہیں ہوا ہے۔ نمائندہ خصوصی جیو نیوز اعزاز سید نے کہا کہ ایرانی حکام سے جمعہ کے دن سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے بھی اسے فائنل قرار نہیں دیا ہے ابھی تک جمعہ کے دن کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ وہ جیو نیوز کے ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ جنگ بندی آج ختم ہورہی تھی اوردونوں جانب سے سخت بیانات کے باوجود یہ عارضی جنگ بندی برقرارہے۔ ایرانی حکام کا سب سے اہم مطالبہ بحری ناکہ بندی کاخاتمہ ہے جسے ٹرمپ ختم کرنے کو تیار نظر نہیں آتے۔