اسلام آباد (طاہر خلیل)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن، بھارتی مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دیا جائیگا ، پاکستان کی فتح کو پوری دنیا نے دیکھا ،بھارت آج بھی زخم چاٹ رہا ہے ،پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال گزر چکا ہے مگر بھارت آج تک اپنے موقف کے حق میں شواہد پیش نہیں کر سکا، فالس فلیگ آپریشنز بھارت کی تاریخ ہے، پاکستان نے پہلگام واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کرانے کی پیشکش کی تو بھارت اس سے خوفزدہ ہو گیا، عالمی سطح پر پہلگام واقعہ سے متعلق سوالات اٹھائے گئے جن کا بھارت کے پاس کوئی تسلی بخش جواب موجود نہیں ہے، بھارتی میڈیا نے پہلگام واقعہ پر محض پروپیگنڈا اور من گھڑت بیانیے کو فروغ دیا جس سے اس کا مکروہ چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہوا، بھارتی عسکری قیادت کے نئے آپریشن سندور کے بارے میں حالیہ بیانات دراصل ان کی ناکامی اور شکست کا اعتراف ہیں، بھارت کو یہ بات واضح طور پر سمجھ لینی چاہئے کہ کسی بھی قسم کے مس ایڈوینچر کا بھرپور، فوری، موثر اور فیصلہ کن جواب آئے گا۔ بھارت اپنی ناکام پالیسیوں کی بدولت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو چکا ہے جبکہ پاکستان امن مشن کو لے کر آگے بڑھ رہا ہے۔ بدھ کو بھارت کے پہلگام فالس فلیگ آپریشن 2025ء کا ایک سال مکمل ہونے کے تناظر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج 22 اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال مکمل ہو گیا ہے۔ یہ واقعہ ایک ایسی سوچ کی عکاسی کرتا ہے جو کھوکھلے پن، بے منطقی، جھوٹی انا، تکبر اور حرص پر مبنی ہے۔