• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب، ہائیکورٹ کے ججز کے دوسرے صوبوں میں ٹرانسفر کی تیاریاں

اسلام آباد (رپورٹ :،رانامسعود حسین) چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس یحی آفریدی نے 28اپریل کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس طلب کر لیا  ، جس میں ہائی کورٹ کے  ججوں کے دوسری ہائیکورٹوں میں مبینہ تبادلوں اور تبادلوں کے لئے طریقہ کار تشکیل دینے پر غور کیا جائے گا،ذرائع کے مطابق اس اجلاس کا بنیادی مقصد 27 ویں آئینی ترمیم کی روشنی میں ملک کی پانچوں ہائی کورٹوں کے ججوں کے ایک سے دوسری ہائی کورٹ میں تبادلہ کے لیے باقاعدہ طریقہ کاروضع کرنا ہے، اجلاس کی صدارت چیف جسٹس یحی آفریدی کریں گے، جبکہ کمیشن  ممبران سمیت تمام پانچوں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان بھی شرکت کریں گے،،یاد رہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم سے قبل آرٹیکل 200کے تحت کسی بھی جج کے دوسری ہائیکورٹ میں تبادلہ کے لیے متعلقہ جج کی رضامندی ضروری تھی، تاہم، 13نومبر 2025کو منظور ہونے والی 27ویں آئینی ترمیم کے بعدجج کی رضامندی کی شرط ختم کرتے ہوئے تبادلہ کے حکم پر عملدرآمد لازمی قرار دے دیا گیا  ،جبکہ حکم کی خلاف ورزی کی صورت میں اس جج کے خلاف آئین کے آرٹیکل 209کے تحت ڈسپلنری کارروائی بھی کی جا سکتی ہے،موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں قانونی اور سیاسی حلقے اس اجلاس کو انتہائی اہمیت دے رہے ہیں ممبر جوڈیشل کمیشن/پی ٹی آئی کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے تصدیق کی ہے کہ انہیں 28اپریل کے اجلاس کی اطلاع تو دے دی گئی ، تاہم ایجنڈا تاحال شیئر نہیں کیا گیاہے،یاد رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین ،ایم این اے بیرسٹر گوہر علی خان اور سینٹر بیرسٹر علی ظفر نے ممبر ہونے کے باوجود جوڈیشل کمیشن کے منعقدہ اجلاسوں کا با ئیکاٹ کیا ہے ۔

اہم خبریں سے مزید