• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیمبرج کی اے ایس ریاضی کا پرچہ لیک ہونے کی تصدیق، تحقیقات کا آغاز

کراچی (سید محمد عسکری)کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے جون 2026 کے امتحانی سلسلے کے تحت اے ایس لیول ریاضی کے پرچے (پیپر 12، کوڈ 9709) کے متعدد خطوں میں قبل از وقت لیک ہونے کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد فوری تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے30اپریل کو جاری کیے گئے میڈیا بیان کے مطابق یہ پرچہ افریقہ، یورپ، مشرق وسطیٰ، پاکستان اور جنوبی ایشیا میں مقررہ وقت سے پہلے شیئر کیا گیا، جو امتحانی قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت اور دائرہ کار جاننے کے لیے فوری اور جامع تحقیقات کی جا رہی ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ طلبہ کو کسی نقصان سے بچانا اولین ترجیح ہے اور امتحانات کی شفافیت برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی آئندہ امتحانات کی تیاری جاری رکھیں۔کیمبرج کے مطابق آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ سینئر اور تجربہ کار ماہرین تمام حقائق کا جائزہ لے کر کریں گے۔ ادارے نے اس بات پر زور دیا کہ گریڈز کی ساکھ اور اعتبار کو برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے تاکہ جامعات اور دیگر اداروں کا اعتماد قائم رہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اس واقعے سے طلبہ کو پہنچنے والی پریشانی کو کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ کیمبرج نے واضح کیا کہ ایسے واقعات کم ہوتے ہیں، تاہم جہاں بدعنوانی ثابت ہوئی وہاں امتحانی مراکز اور طلبہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ادارے نے طلبہ اور اسکولوں کا صبر کا مظاہرہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اعلان کیا کہ پیش رفت سے متعلق مزید اپ ڈیٹ 7 مئی 2026 کو جاری کی جائے گی۔

اہم خبریں سے مزید