کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز اور صوبائی سیکریٹری سید اختر میر نے کہا ہے کہ کراچی میں پیش آنے والے مختلف سانحات اور ہنگامی حالات میں سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے ریسکیو کمشنر محمد طاہر شیخ ہمیشہ انسانی خدمت کے جذبے کے تحت سب سے پہلے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کرتے ہیں۔ ان کی اسی خدمات کے پیش نظر گزشتہ ماہ میئر کراچی کی جانب سے انہیں تمغہ کراچی ملنا سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کیلئے اعزاز ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی اسکاؤٹ ہیڈ کوارٹرز پر محمد صدیق میمن اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں ’’بنیان مرصوص معرکہ حق تقریبات ‘‘ کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز کا مزید کہنا تھا کہ محمد طاہر شیخ نہ صرف ریسکیو اداروں سے پہلے متاثرہ مقامات پر پہنچتے ہیں بلکہ اپنی ٹیم کے ہمراہ زخمیوں کی مدد، ابتدائی طبی امداد اور متاثرین کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔صوبائی سیکریٹری سید اختر میر کا کہنا تھا کہ محمد طاہر شیخ کی خدمات نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہیں اور سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن فلاحی و سماجی خدمات کے میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔اس موقع پر بیت الحجاج کراچی میں خدمات انجام دینے والے معاونین حجاج کی پزیرائی بھی کی گئی ۔اس موقع پر ان کی خدمات کو سراہاتے ہوئے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے معاونین حجاج میں اسناد اور تحائف تقسیم کئے گئے۔