کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہریوں کو محفوظ اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کی فراہمی ، تباہ شدہ سڑکوں کی بحالی کواولین ترجیح قرار دیتے ہوئے شہر میں جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل ، تعمیراتی معیار برقرار اور شہر میں بڑھتے ٹریفک اور انفراسٹرکچر مسائل کے حل کیلئے طویل المدتی شہری منصوبہ بندی اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےگزشتہ روز اپنی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقدہ اجلاس میں کیا۔اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات جام خان شورو، میئر کراچی مرتضی ٰوہاب، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ آغا واصف، کمشنر کراچی حسن نقوی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نجم شاہ، سیکرٹری بلدیات وسیم شمشاد، سیکرٹری خزانہ فیاض جتوئی، چیف ایگزیکٹو واٹر بورڈ احمد صدیقی، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں ٹریفک کے دبا ئومیں کمی، تباہ شدہ سڑکوں کی بحالی اور شہری ٹرانسپورٹ نظام کو جدید بنانے کیلئے 10 ارب روپے کے انفراسٹرکچر اور سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اورتمام متعلقہ اداروں کو منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے، تعمیراتی معیار برقرار رکھنےاور شہر میں بڑھتے ٹریفک اور انفراسٹرکچر مسائل کے حل کیلئے طویل المدتی منصوبہ بندی اپنانے کی ہدایت کی۔