اسلام آباد( رانا غلام قادر)وزیراعظم شہباز شریف نے نے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کیلئے مختلف آسان قرضہ اسکیموں کو ایک چھتری تلے لانے کی ہدایت دی ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،نوجوانوں کو آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں عالمی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کیلئے اقدامات میں اضافہ کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے ان خیا لات کا اظہار گزشتہ روزاپنی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جاری منصوبوں پر پیشرفت اور آئندہ برس کیلئے نئے منصوبوں کی تجاویز پر بلائے گئے جائزہ اجلاس کے دوران کیا،ادھر وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ زراعت میں پراسیسنگ کے شعبوں کو چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا درجہ دیا جائے، علاوہ ازیں وزیر اعظم سے وفاقی وزراء مصدق مسعود ملک، سردار یوسف اور رکن قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی نے ملاقات بھی کی ۔