اسلام آباد(مہتاب حیدر) آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی معاشی رفتار مسلسل جمود زدہ مہنگائی (Stagflation) کے مرحلے سے گزر رہی ہے، کیونکہ رواں مالی سال میں ملک نے 4.2 فیصد کے ہدف کے مقابلے میں 3.7 فیصد جی ڈی پی شرحِ نمو حاصل کی ہے۔تاہم خلیجی جنگ کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سی پی آئی پر مبنی مہنگائی دوبارہ بڑھ کر ماہانہ بنیادوں پر دوہرے ہندسوں میں داخل ہو گئی ہے۔پاکستانی معیشت کا حجم مالی سال 2025-26 میں بڑھ کر 452.1 ارب ڈالر ہو گیا، جو مالی سال 2024-25 میں 408 ارب ڈالر تھا۔ اسی دوران فی کس آمدنی مالی سال 2026 میں 1901 ڈالر رہی، جبکہ گزشتہ مالی سال میں یہ 1824 ڈالر تھی۔ جی ڈی پی کی شرحِ نمو آبادی میں اضافے کی شرح سے 2.6 فیصد زیادہ رہی۔