اسلام آباد (عاصم جاوید) وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے مستقل چیئرمین این آئی آر سی کی تعیناتی کے لئے 2ہفتے کا وقت مانگ لیا۔ عدالت نے مستقل چئیرمین کی تعیناتی تک این آئی آر سی میں سینئر ممبر کو قائم مقام چیئرمین کا چارج دینے کا بھی حکم دیا۔ یاد رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد سے چئیرمین این آئی آر سی کا عہدہ خالی ہے۔دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین این آئی آر سی کی تعیناتی کی سمری بھجوا دی گئی ہے، معاملہ زیرِ غور ہے، دو ہفتے کا وقت دے دیا جائے،جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ریمارکس دئیے کہ یکم مئی سے عہدہ خالی ہے، آج 13 مئی ہو گئی ہے، اب مزید دو ہفتے مانگے جا رہے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ سمری میں یہ کیوں نہیں لکھا جاتا کہ نئی تعیناتی تک سینیئر ممبر کو قائم مقام چیئرمین بنا دیا جائے۔