ملتان (سٹاف رپورٹر )بائیو میٹرک ویری فیکیشن کے خلاف وکلاکا احتجاجی مظاہرہ، احتجاج کے دوران ایک خاتون وکیل بے ہوش ہو گئیں، تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ملتان میں گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے سائلین کیلئے بائیو میٹرک ویری فکیشن لازمی قرار دینے اور اس مد میں 200 روپے فیس وصولی اور لاک ڈاؤن کی آڑ میں عدالتی ورکنگ ڈے کم کرنےکے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرہ کی قیادت سابق صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان سید ریاض الحسن گیلانی نے کی، وکلانے عدالتی پالیسی کو سائلین کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ بائیو میٹرک ویری فکیشن کی شرط فوری طور پر واپس لی جائے، احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سید ریاض الحسن گیلانی نے کہا کہ اگر وکلاکے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ ہر تحصیل اور ہر ضلع تک پھیلا دیا جائے گا،انہوں نے اعلان کیا کہ وکلاء کی آخری قدم چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی عدالت کی طرف لانگ مارچ اور گھیراؤ ہوگا، جہاں وکلاء اپنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا دیں گے، انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر سائلین کیلئے بائیو میٹرک ویری فکیشن لازمی قرار دینا اور اس کے عوض 200 روپے فیس وصول کرنا غریب عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے، احتجاج کے دوران شدید گرمی کے باعث خاتون وکیل شمیم اختر ایڈووکیٹ کی طبیعت خراب ہوگئی اور وہ بے ہوش ہوگئیں، جس پر فوری طور پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینس بلائی گئی ، جس میں انہیں نشتر ہسپتال ایمرجنسی منتقل کر دیا گیا،احتجاجی مظاہرے میں نشید عارف گوندل، سید اقبال مہدی زیدی، سید ذاکر حسین نقوی، ملک محبوب سندیلہ، سرفراز حسین، سید حسین علی بخاری، انصر دھرالہ، جہانزیب، عرفان سندھو، سید منظور حسین مہر، حسیب قادر، سجاد حسین ٹانگرا، اللہ دتہ سمیت وکلاکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔