بھارتی شہر چنئی میں ایک نجی بار میں 2 گروپوں کے درمیان ہونے والا جھگڑا سڑک پر خونریز تصادم میں تبدیل ہو گیا جس کے نتیجے میں 18 سالہ لڑکی یانسی ہلاک جبکہ اس کی 17 سالہ دوست شدید زخمی ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یانسی اور اس کے دوست بار میں موجود تھے جہاں دوسرے گروپ کے ساتھ تلخ کلامی اور جھگڑا ہوا، سیکیورٹی عملے نے معاملہ وقتی طور پر ختم کروا دیا تاہم بار سے باہر آنے کے بعد بھی کشیدگی برقرار رہی۔
بعد ازاں یانسی اور اس کے ساتھی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ راستے میں مخالف گروپ کی کار نظر آئی، الزام ہے کہ موٹر سائیکل سواروں نے کار پر پتھراؤ کیا جس پر مشتعل افراد نے کار سے تعاقب کرتے ہوئے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے نتیجے میں یانسی موقع پر ہی ہلاک ہو گئی جبکہ اس کی کم عمر دوست کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حکام نے کم عمر افراد کو داخلے کی اجازت دینے پر نجی بار کو سیل کر دیا ہے اور مزید تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔