یوکرینی دارالحکومت کیف سمیت دیگر بڑے شہروں پر روسی حملوں میں 10 افراد ہلاک اور تقریباً 100زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین کے چوتھے بڑے شہر دنیپرو پر روسی میزائل اور ڈرون حملوں میں 5 افراد ہلاک جبکہ 25 زخمی ہوئے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ کیف پر حملوں میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور 51 زخمی ہوئے۔
دارالحکومت کیف کے میئر کا کہنا ہے کہ روسی میزائل حملے میں ایک 24 منزلہ عمارت کا حصہ گر گیا جس کے ملبے تلے متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
میئر کا مزید کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
میئر کیف وٹالی کلچکو کا یہ بھی کہنا ہے کہ میزائلوں کے ٹکڑے گرنے سے ایک 9 منزلہ عمارت سمیت متعدد عمارتوں میں آگ بھی لگ گئی ہے جبکہ اوبولون ضلع میں کئی گاڑیاں جل کر تباہ ہو گئیں۔
روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے حملے میں یوکرینی دفاعی صنعتی اہداف کا نشانہ بنایا گیا، اس حملے میں انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے والے ہتھیار استعمال کیے گئے۔
روسی حملےکا مرکزی ہدف دارالحکومت کیف تھا جبکہ مجموعی طور پر روسی میزائل اور ڈرونز نے یوکرین میں 38 مقامات کو نشانہ بنایا۔
یوکرینی فضائیہ کا کہنا ہےگزشتہ رات روس نے یوکرین پر 656 ڈرونز ، 73 میزائل داغے جن میں سے 40 میزائل اور 602 ڈرونز مار گرائے گئے۔
دوسری جانب یوکرین کے دارالحکومت کیف میں مزید دھماکے سنے گئے ہیں۔