کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر ) کراچی سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی پہلی صوفی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے لندن کے تاریخی رائل البرٹ ہال میں اپنی زبردست پرفارمنس سے ہزاروں انگریز شائقین موسیقی کے دل جیت لئے، مغربی اور مشرقی موسیقی کے فیوژن پیش کرکے خوب داد سمیٹی،ہزاروں انگریز شائقین موسیقی کے دل جیت لئے۔ اس موقع پر مختلف ممالک کے سفیروں نے بھی اس شاندار کنسرٹ میں شرکت کی۔اس طرح سائرہ پیٹر ان ممتاز پاکستانی خواتین فنکاروں کی صف میں شامل ہو گئیں، جن میں نور جہاں، اقبال بانو اور عابدہ پروین جیسے نام شامل ہیں۔ اس تاریخی کنسرٹ میں سائرہ پیٹر کے ساتھ 525سے زائد مغربی کلاسیکل موسیقار شریک تھے، جن میں آل سولز آرکسٹرا اور 400 آوازوں پر مشتمل عظیم الشان کورس بھی شامل تھا۔ انہوں نے ایک اردو گیت بھی پیش کیا۔ یہ کسی بھی ایشیائی فنکار کے لئے رائل البرٹ ہال میں مغربی کلاسیکل موسیقاروں کی سب سے بڑی تعداد تصور کی جا رہی ہے۔ کنسرٹ کے دوران سائرہ پیٹر نے 35مختلف موسیقیائی سُروں اور سیکڑوں سازوں و آوازوں کے درمیان اپنی سولو آواز کو نمایاں رکھا، جو ان کی فنی مہارت اور غیرمعمولی صلاحیت کا ثبوت ہے۔