• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو یونیورسٹی، وی سی مذاکرات ناکام، اساتذہ کا امتحانات کا بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی میں جاری مالی اور انتظامی بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ اساتذہ اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے، جس کے بعد اساتذہ نے امتحانات کا بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وائس چانسلر نے تنخواہ، ہاؤس سیلنگ، پنشن، بقایاجات، میڈیکل کی فراہمی اور مکمل سلیکشن بورڈ کے انعقاد سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق، وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری اسلام آباد سے کراچی پہنچے۔ اس دوران وفاقی اردو یونیورسٹی کے انتظامی بلاک میں اساتذہ تنخواہوں، پینشن، ہاؤس سیلنگ اور میڈیکل کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ بعدازاں، شعبہ ارضیات (جیولوجی) میں دوپہر 3:00 سے شام 5:00 بجے تک وائس چانسلر اور اساتذہ کے نمائندوں کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اساتذہ کے مطابق، مذاکرات کے دوران وائس چانسلر کا رویہ ہٹ دھرمی پر مبنی رہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ تنخواہ، ہاؤس سیلنگ، پینشن، بقایاجات اور میڈیکل کی بحالی کے پوزیشن میں نہیں ہے۔ وائس چانسلر کا مؤقف ہے کہ وہ جلد امتحانات منعقد کروا کر فیسوں کی مد میں فنڈز جمع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اساتذہ کے نمائندوں نے وائس چانسلر کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں خیراتی فنڈز کا استعمال یونیورسٹی کے وقار مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ اکیڈمک کونسل کے فیصلے اور اکیڈمک کیلنڈر کے مطابق یونیورسٹی میں تدریسی دورانیہ ابھی مکمل ہی نہیں ہوا، اس لئے امتحانات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر طالب علموں کو بھی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔ یونیورسٹی کی بیشتر عمارتیں مخدوش ہوچکی ہیں۔ واش رومز ناقابل استعمال ہیں۔ پینے کے صاف پانی کا اہتمام نہیں ہے۔ تدریسی دورانیہ مکمل کئے بغیر امتحانات بالجبر لئے جارہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید